پاکستان کی ترقی کا راستہ بلوچستان سے شروع ہوچکا ہے،احسن اقبال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک ملکی ترقی کا منصوبہ ہے،علم وتحقیق اور جستجو سے دنیا میں ترقی ممکن ہے، جس رفتار سے 2018 میں کام چھوڑا تھا،گوادر میں اسی رفتار سے دوبارہ شروع کریں گے، گوادر میں ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے، گوادر کے طلباءکو سکالرشپ دیں گے۔ منگل کو گوادر یونیورسٹی میں طلباءسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کا منصوبہ ہے۔پچھلی حکومت نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ ہم ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ عوام پر بھی خرچ کررہے ہیں۔ سی پیک کے منصوبے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ گوادر میں آپ سے 4 یا 5 سال بعد مخاطب ہونے کا موقع ملا۔ اپنے پچھلے دور میں گوادر کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے کام کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے گوادر میں ہائیر ایجوکیشن کو اہمیت دی۔ اگر تعلیم نہیں ہوگی تو ترقی کا عمل رک جائے گا۔ کوشش ہے کہ 2 سے 3 سال میں یونیورسٹی کا کیمپس مکمل ہو جائے۔اس یونیورسٹی کو سینٹرآف ایکسیلینس بنائیں گے۔ بلوچستان کے خطے کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ تعصب اور عصبیت کی سوچ کا مقابلہ علم سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف کو تشدد سے نہیں، مکالمے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ علم اور تحقیق اور جستجو سے دنیا میں ترقی ممکن ہے۔ میں گوادر کی ترقی سے منسلک رہا ہوں۔ ہم نے گوادر کے شہریوں کے لئے محنت کی، کئی منصوبے شروع کئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بجلی اور پانی کے منصوبے شروع کئے،ہمیں امید تھی کہ دو سال میں مکمل ہوجائیں گے،لیکن مجھے افسوس ہواکہ ہمارے شروع کئے گئے منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔ 2017 میں گوادر میں ڈیمز کے منصوبے شروع کئے لیکن پچھلی حکومت کی غفلت سے یہ ڈیمز تاخیر کا شکار ہوئے۔ اسلام آباد میٹرو کا منصوبہ چار سال غیر ضروری تاخیر کا شکار ہوا،ہم نے اگر دس دن میں اس کو چالو کیا۔جس رفتار سے 2018 میں کام چھوڑا تھا،گوادر میں اسی رفتار سے دوبارہ شروع کریں گے۔ گوادر میں ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔ گوادر میں ہسپتال اپ گریڈ کریں گے۔ گوادر میں یونیورسٹی کا کیمپس قائم کریں گے اور گوادر کے طلباءکے لئے سکالر شپس بھی دی جائیں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک بلوچستان سمیت پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی کا راستہ بلوچستان سے شروع ہوچکا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ گوادر کے موقع پر گوادر میں طالب علموں سے خطاب کے دوران کیا قبل ازیں گوادر پہنچنے پر ایم این اے محمد اسلم بھوتانی نے ان کا استقبال کیا اپنے دورہ گوادر کے موقع پر احسن اقبال سی پیک کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا وفاقی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی اعلی سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی اجلاس میں گوادر انٹرنشینل ایئرپورٹ،.ایکسپریس وے، پانی ریسورسس، انرجی پار اور دیگر منصوبوں کے بارے میں وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں یونیورسٹی آف گوادر کی بلڈنگ کی تعمیر اور پسنی فش ہاربراتھارٹی جیٹی کی بحالی کے متعلق بھی اہم فیصلہ کیاگیا۔