محکمہ کلچر کی جانب سے کیلیگرافرز اور پینٹروں کے نام کووڈ19فنڈ لسٹ سے نکالنے کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا، محمد صادق
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کیلیگرافرز ایسوسی ایشن آف بلوچستان کا اجلاس زیر صدارت استاد حافظ محمد صادق منعقد ہوا جس میں استاد محمد رفیق سمیت صوبہ بھر کے خطاطان اور پینٹروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس میں کرونا کے بعد پینٹروں کی مالی پریشانیوں اور اسلامی فن خطاطی کے مستقبل کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کیں اجلاس میں محکمہ کلچر کی جانب سے کیلیگرافرز اور پینٹروں کے نام کووڈ19فنڈ لسٹ سے نکالنے کے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس ناجائز عمل کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔ اراکین کی آراء و تجاویز کی روشنی میں کیلگرافرز ایسوسی ایشن آف بلوچستان نے فیصلہ کیا کہ اسلامی فن کو کلچر کا حصہ سمجھتے ہوئے حکومت کو ان کے مطالبات تسلیم کرنے ہوں گے، کرونا فنڈ لسٹ میں پینٹروں کے نام شامل کئیے جائیں۔ وزیر کھیل وثقافت نے اربوں روپے من پسند افراد اور پارٹی کارکنوں کے موج مستی پر خرچ کئے جبکہ ملک کی ثقافت کی امین شعبے کو نظر انداز کیا گیا ہے، اس حوالے سے مزید خاموش نہیں بیٹھ سکتے، انہوں نے کہا کہ ثقافت سے متعلقہ محکموں نے ہمیشہ اسلامی فن جوکہ پاکستان کی پہچان ہے کو نظر انداز کیا جارہا ہے حالیہ کرونا فنڈ میں بھی لسٹ جمع کرانے کے باوجود ان کو حق سے محروم کیا گیا ہے اس سلسلے میں ضروری ہے سپریم کورٹ نوٹس لے کر متعلقہ افراد کو طلب کرکے ان سے پوچھ لیں کہ انہوں نے ثقافت کے دیگر شعبوں کے برعکس غریب پینٹروں کو حق سے کیوں محروم رکھا گیا۔