طلباء و طالبات کی پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں دلچسپی خوش آئند اقدام ہے،ڈپٹی کمشنر قلات

قلات(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ر مہراللہ بادینی نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کی پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں دلچسپی خوش آئند اقدام ہے۔ قومی اور صوبائی سطح پر سول سروس کے مقابلوں میں صوبے کے طلباء کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ سول سروس کے امتحانات بلاشبہ محنتی اور قابل طلباء کیلئے کسی تحفے سے کم نہیں۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کی کثیر تعداد میں موجودگی اس بات کا مظہر ہے کہ صوبے کے طلباء و طالبات حصول علم کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مختلف طلباء سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔  انہوں نے کہا کہ صوبے اور بالخصوص ضلع قلات میں مقابلے کی امتحانات کے حوالے سے شوق اور ولولہ خوش آئند ہے۔ حالیہ امتحانات میں ضلع سے بڑی تعداد میں طلباء نے مقابلے کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے جو حوصلہ افزاء امر ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقابلے کے امتحانات کیلیے محنت لگن اور تسلسل لازمی عوامل ہیں۔ طلباء اخلاص و محنت اور مربوط شیڈول کے ترتیب پر چلنے سے مذکورہ امتحانات میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹڈی کیلیے ضروری ہے کہ طلباء و طالبات خود کو مقابلے کے امتحانات کے تمام پیٹرن اور ان سے متعلق تمام ضروری معلومات سے بہرہ ور رکھیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات نے طلباء کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلع کے طلباء و طالبات مستقبل میں بھی مقابلے کی امتحانات میں کامیابیاں حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہوئے دوسرے امیدواروں کیلیے حوصلے کا باعث بنیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے