بلوچستان کے گورنر کی تعیناتی کا معاملہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی طے نہ ہوسکا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے گورنر کی تعیناتی کا معاملہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی طے نہ ہوسکا ۔ذرائع کے مطابق نئے گورنر کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت تاحال اپنے اتحادیوں سے مشاورت مکمل نہیں کرسکی ہے۔

مرکز میں مسلم لیگ (ن) کی تینوں اہم اتحادی جماعتیں بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور جمعیت علما اسلام ف گورنر کے عہدے کی بڑی امیدوار ہیں۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے گورنر سید ظہور احمد آغا نےمرکز میں حکومت کی تبدیلی کے بعد 13 اپریل کو اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا، ان کا ا ستعفی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منظور کرلیا تھا۔

سید ظہور آغا کے استعفے کے بعد اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ نئے گورنر کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت کی بلوچستان میں اپنے اتحادیوں بلوچستان عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام ف سے مشاورت جاری ہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) میں شامل بلوچستان سے تعلق رکھنی والی جماعتوں نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی سے گورنر کی تعیناتی کے لیے مشورے کیے جارہے ہیں۔

بلوچستان میں گورنر کے عہدے کے لیے بی این پی کی جانب سے پارٹی کے سینئر نائب صدر عبدالوالی کاکڑ اور جے یو آئی ف کی جانب سے سابق وفاقی وزیر رحمت اللہ کاکڑ اہم امیدوار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے