پاکستان میں نرسنگ کے حوالے سے قانون سازی پر کام جاری ہے،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نرسنگ کے حوالے سے قانون سازی پر کام جاری ہے بین القوامی سطح پر پوری دنیا میں صحت کے شعبے پر توجہ دی جارہی ہے جس کے تناظر میں ہمیں بھی نرسنگ کے تعلیمی اداروں کو ترقی اور جدت سے ہم آہنگ کرنا ہوگا اس وقت پاکستان میں 62 ہزار 651 نرسز کام کر رہی ہیں اس تناسب سے بلحاظ آبادی ہر 10 ہزار آبادی پر صرف 5 نرسز دستیاب ہیں پاکستان میں تقریباً 162 مراکز نرسز کی بنیادی تعلیم فراہم کر رہے ہیں جس میں سالانہ 2 ہزار نرسز تربیت لے کر طبی خدمات کی انجام دہی کے لئے میدان عمل میں آتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نرسنگ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر اور پوری دنیا میں نرسوں کی قلت آج بھی موجود ہے اس وقت دنیا میں ہر ایک ہزار آبادی پر صرف 3 نرسز یا مڈوائفس دستیاب ہیں جو کہ ایک قلیل تعداد ہے دنیا کے طبی نظام کو مکمل فعال کرنے کے لئے مزید 59 لاکھ نرسز درکار ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان نرسنگ کونسل کے تحت ملک میں کئی ڈپلوما اپرنٹس شپ پروگرام اور ماسٹرز ڈگریاں دستیاب ہیں جہاں سے جنرل نرسری، پیوپل مڈوائفری اور نرس وائفری میں ڈپلوما کورس کے ساتھ پوسٹ آر این، بی ایس این اور نرسنگ میں بی ایس سی، ایم ایس سی، ڈاکٹریٹ کی اسناد اور کئی دیگر اسپیشل خدمات میں تربیت حاصل کی جاسکتی ہے عالمی ادارہ صحت کے ملینیم اہداف میں فلپائن جیسے ملک کی کامیابیاں قابل تقلید ہیں جس نے امریکا، کینیڈا اور برطانیہ جیسے ممالک میں نرسنگ کے شعبے میں اپنے عوام کو روزگار کے وسیع مواقع مہیا کیے ہیں۔ اس ماڈل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی بھی ملک نہ صرف مقامی سطح پر نرسوں کی کمی کو دور کرسکتا ہے بلکہ گلوبل نرسنگ میں بھی باعزت مقام پا سکتا ہے انہوں نے کہا کورونا وباء کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 115 نرسیں جان کی بازی ہار گئیں تاہم پھر بھی قوم کی ان عظیم بیٹیوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی مستقل مزاجی اور بلند حوصلے سے یہ بات ثابت کردی کہ پاکستانی نرسسز ہر وقت اور ہر دم قوم کی خدمت کو تیار ہیں کٹھن سے کٹھن حالات میں بھی انہوں نے کبھی اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے سے انکار نہیں کیا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے جذبہ انسانیت سے سرشار زخموں اور زخمیوں کی مسیحائی کرنے والی نرسوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔