سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، نظر ثانی پر حتمی فیصلہ ہونے تک 7 اپریل کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا عدالت جائزہ نہیں لے سکتی، 7 اپریل کے فیصلے کے ذریعے اختیارارت کی تقسیم کے آئینی اصول سے انحراف کیا گیا، عدالتیں پارلیمانی کارروائی پر تجاوز نہیں کرسکتی۔
درخواستگزار کے مطابق نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ اور متعلقہ حکام کے بیانات کے مطابق دھمکی آمیز مراسلہ بھیجا گیا ہے اور اسی بنیاد پر ڈپٹی اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف رولنگ دی۔
ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر ججز کی دو اپریل کو میٹنگ اور اتوار کے روز سماعت منفرد ہے، اتوار کو عدالت لگانے کی کوئی ایمرجنسی نہیں تھی۔ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کا ریفرنس بھی سپریم کورٹ کے پاس زیر التوا ہے۔