نیشنل پارٹی سیاست میں دہرے معیار کی قائل نہیں، ڈاکٹرمالک بلوچ

گوادر(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی سیاست میں دہرے معیار کی قائل نہیں، عوام کو لفاظی نعروں اور مکر و فریب سے بہلایا نہیں جاسکتا، نچلی سطح پر اختیارات کی مکمل منتقلی سے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں نیشنل پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں کارکنوں اور بلدیاتی امیدواروں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اجتماع سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماو¿ں سینیٹر کہدہ اکرم دشتی، نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکریٹری حاجی فدا حسین دشتی، سابق جج شکیل احمد بلوچ، واجہ ابوالحسن، نثار بزنجو، ڈاکٹر نور بلوچ، اشرف حسین، ضلعی صدر فیض نگوری، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر محسن بھٹو، سینئر رہنماو¿ں اسحاق محمود، اکرم رمضان اور نیشنل پارٹی تحصیل گوادر کے صدر ناگمان بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی کارکنوں اور پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے ،نیشنل پارٹی کو کمزور کرنے کے لئے بہت سی سازشیں کہ گئیں لیکن کارکنوں کی ثابت قدمی کی وجہ سے تمام سازشیں ناکام ہوگئیں اور نیشنل پارٹی کا کاروان بڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی حقیقت پسندانہ، شعوری اور فکری سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم نے اقتدار میں رہ کر اجتماعی مفادات کے منصوبوں کو ترجیح دی ،تعلیم اور دیگر شعبوں کو مستحکم کیا ،یہی وجہ ہے کہ نیشنل پارٹی کو عوام میں پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اب قبائلی علاقوں میں بھی تبدیلی کے استعارے کے طورپر عوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے یہ سب کچھ نیشنل پارٹی کے بے لوث کارکنوں کی قربانیوں اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے جمہوریت ہی واحد راستہ ہے جس میں عوامی رائے کا احترام ناگزیر ہے۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ملک کے انتخابی نظام میں ہر قسم کی مداخلت بند ہونی چاہئے ،عوام جس کو منتخب کرے، ان کے رائے کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صاف اور شفاف انتخابات ہوئے تو نیشنل پارٹی بلوچستان میں اکثریتی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نچلی سطح پر اختیارات کی من و عن منتقلی پر یقین رکھتی ہے کیونکہ بلدیاتی ادارے بنیادی جمہوریت کا منبع ہیں اور یہاں سے نئی قیادت نشوونما لیتی ہے۔ مکمل اختیارات کے بغیر بلدیاتی اداروں سے نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ نیشنل پارٹی بلدیاتی اداروں کو بااختیار دیکھنا چاہتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے کارکنان نیشنل پارٹی کے نامزد بلدیاتی امیدواروں کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کریں۔ بلدیاتی انتخابات میں اتحاد قائم کرنے اور مشترکہ طورپر امیدوار لانے کے لئے پارٹی کی مقامی قیادت بااختیار ہے، عوام کے وسیع تر مفادات میں تعمیری اور مثبت اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر متعدد شخصیات نے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کرکے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیت کرنے والوں میں گوادر سے تعلق رکھنے والے عبدالقادر عبدالرحمن نے فیملی سمیت اور پسنی سے میونسپل کمیٹی پسنی کے بلدیاتی امیدواروں لعل جان یوسف اور نثار فقیر شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے