نواز شریف سے بات کی اور سمجھایا، جیسے ہی اصلاحات ہوں الیکشن کرائیں، آصف زرداری

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلی بار ادارے سیاست میں مداخلت نہیں کر رہے۔ فوج نے حلف اٹھایا ہے سیاسی مداخلت نہیں کریں گے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سیّد مراد علی شاہ، شرجیل میمن سمیت دیگر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر نے مزید کہا کہ آج ضرورت تھی تو میں آگیا ہوں، بھاری کوئی نہیں انسان سب سے زیادہ کمزور ہے، آج تک میں کہتا آیا الیکشن میں دھاندلی ہوئی اور الیکشن کراؤ، اس وقت ’سوکالڈ‘ سلیکٹڈ نے بھی میری بات کونہیں سنا تھا۔ الیکشن جلدی کرا کر یہ کیا کرلے گا؟ 4 سال اس نے کیا کیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی مشاورت کے بعد بات کر رہا ہوں، اس وقت ملک میں تیل مہنگا ہے، ہم تیل کی قیمت نہیں بڑھانا چاہتے، تیل کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، ہمارے گیم پلان میں الیکٹرول ریفارمز، نیب ریفارمز شامل ہیں، اب ہم نے حکومت بنالی اور اب الیکشن کی بات کر رہے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کوتھوڑا گمراہ کیا ہوا ہے، اوورسیزپاکستانیوں کو ملکی مہنگائی، گرمی کا نہیں پتا۔ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو گراؤنڈ ریلیٹی کا نہیں پتا، چاہتا ہوں بزنس مین بھی اپنی تجاویز دیں، وزیراعظم بنانے کے لیے ہم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کوئی ووٹ نہیں لیا، سولرپلانٹس میں اضافہ کرنا ہو گا، ایسا نہ ہوبجلی اتنی مہنگی ہو جائے۔


عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جب بھی کھڑا ہوتا ہے توجھوٹ بولتا ہے، لوگ بیوقوف بن رہے ہیں، یہ ان کواستعمال کر رہا ہے۔ پہلی دفعہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی تو ہمیں باجوہ کو سلیوٹ کرنا چاہیے، انہوں نے یہ نہیں کہا زرداری یا شہبازشریف کوووٹ دیں، فوج نے حلف اٹھایا ہے سیاسی مداخلت نہیں کریں گے، ابھی نئی، نئی حکومت آئی ہے۔ پانی کا مسئلہ ہے، اپنی فصلوں اور غریبوں کی فصلوں کو دیکھ کر رو رہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے