علم ہی انسان کو اشرف المخلوقات کے اعزاز پر فائز کرتا ہے،پروفیسرڈاکٹرشفیق الرحمان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان کے زیر صدارت جامعہ کے اسٹاف افیسران کا ایک اہم اجلاس جامعہ میں منعقد ہوا۔ جس میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر عین الدین آغا، جامعہ کے رجسٹرار، ٹریڑرار، ڈی جی اسٹوڈنٹ افیئرز، کنٹرولر امتحانات، ڈی جی انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ کے مختلف معاملات زیرغور لائے گئے۔ افیسران کی تربیتی سرگرمیوں کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، شعبہ جات کی کاکردگی، امتحانات کے انعقاد، رہائشی کالونی کے مسائل، طلباء و طالبات کے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے سمیت مختلف معاملات زیر غور لائے گئے۔ اوراس حوالے سے ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ کارکردگی اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جاسکے۔اس موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کو ترقی سے ہمکنار کرنے، شعبہ جات کو جدید تقاضوں سے آراستہ کرنے، مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے قواعد و ضوابط کی پاسداری، میرٹ کی عمل داری انتہائی ضروری ہے۔ اور ایک ٹیم ورک کے تحت اپنے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جامعہ کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے کے لئے اپنے تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان پانچ دہائیوں سے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، طلبہ کو روشن مستقبل کی جانب راغب کرنے اور کارآ مد انسانی وسائل کی پیداوار کو پروان چڑھانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ جو مختلف نشیب و فراز کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک مادر علمی کے طور پر سب کو علم،نام ا ور عزت سے نوازا ہے۔ کیونکہ علم ہی انسان کو اشرف المخلوقات کے اعزاز پر فائز کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ، شعبہ جات کی کارکردگی، حل طلب مسائل اور دیگر معاملات کے حوالے سے ماہانہ بنیادوں پر ڈین فیکلٹیز، شعبہ جات کے سربرہاں اور افیسران کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر کے اوقات کارکی پابندی، فائل ورک کی بروقت عمل داری، ریسورسزکی مشترکہ طور پر استعمال اور غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کو یقینی بنایا جائے۔ تاکہ غیر زمہ داری پر سزا و جزا کے عمل کو بروئے کار لایا جاسکے۔ اجلاس میں افیسران نے مختلف معاملات کے حوالے سے اپنے مثبت رائے پیش کئے۔