لورالائی کے باشعور عوام استحکام بلوچستان کا مظہر اور صوبے کے روشن مستقبل کی دلیل ہیں، کمانڈر 12کور

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا آئی جی ایف سی بلوچستان(نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کے ہمراہ لورالائی میں قبائلی عمائدین سے خطاب میں علاقے کے عوام کے مثبت کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، کمانڈر 12کور نے بزرگ سابق گورنر بلوچستان سردار گل محمد خان جوگیزئی کی تاریخی خدمات کو بھی سراہا اور نوجوان نسل کو ان کے تجربات سے رہنمائی حاصل کرنے کی تاکید کی،لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے اس امید کا اعادہ کیا کہ لورالائی کے عوام تعلیم و تربیت کو اپنا شعار بناتے ہوئے خود کو تعمیری سرگرمیوں سے منسلک رکھیں گے اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے ہمراہ لورالائی میں قائم جامعہ فاروقیہ اور اس سے متصل یتیم خانے کا بھی دورہ کیا جہاں انکا استقبال وہاں کے مہتمم پروفیسر عبدالکریم نے کیا، کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے پروفیسر صاحب کے اس سماجی خدمت کی پذیرائی کی اور وہاں موجود انتظامی صیغوں کو یتیم خانے اور گردو نواح میں درکار معاونت کی فراہمی کی ہدایات دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے