رکن صوبائی اسمبلی اکبر مینگل کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کادورہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی اکبر مینگل اور تحصیل صدر مجاہد عمرانی نے جمعہ کو تحصیل وڈھ کے علاقی آڑنجی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی زلزلہ متاثرین کواس مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی انکی ہرممکن امداد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آڑنجی اور گردونواح میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر مکانات کو نقصان پہنچاہے جس سے لوگ بے گھر ہوگئے ہیں جنہیں خیمے،کمبل، راشن اوردیگر سامان مہیاکیا جارہاہے جبکہ انکی دوبارہ بحالی کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ اکبر مینگل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر زلزلے سے متاثرین کی ہرممکن امداد کو یقینی بنائیں اور انکی دوبارہ بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔