پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں،غریب عوام کی جماعت ہے،میر چنگیز خان جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں،غریب عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے حصول کی تحریک میں کردار ادا کیا ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں نہ صرف محنت کشوں کے لئے قانون سازی کی بلکہ عملی طور اجرت میں اضافے اور فلاح وبہبود کے اقدامات کئے۔ یہ بات انہوں نے عالمی یوم مزدور پر اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدور، کسان، متوسط طبقے کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانے کے عملی اقدامات کئے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں مزدوروں کی اجرات میں اضافہ ہوا انکے حقوق کے تحفظ کے اقدامات کئے گئے لیکن سلیکٹڈعمران نیازی حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کے لئے چھوڑ دیا ہے موجودہ وفاقی حکومت عوام اورمزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی عوام میں اپنی غریب دوست پالیسیوں کی وجہ سے مقبول ہے ہم نے امیروں اور جاگیر داروں کی جیب سے پیسے نکال کر عوا م کی جیبوں میں ڈالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی مزدوروں اور غریبوں کے حق میں کھڑی ہوئی اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔