مسجد نبوی ؐاور روضہ رسول ؐ کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے، سینیٹر ثمینہ زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مسجد نبویؐ کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں شدید غم و غصہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرہ ارض پر مسجد حرام اور مسجد نبویؐ سے زیادہ مقدس کوئی مقام نہیں۔ چند شر پسند عناصر کی جانب سے اپنی پاک سرزمین مسجد نبویؐ اور روضہ رسول کے احاطے میں سیاسی مخالفین کو تشدد اور نعرے بازی کا نشانہ بنانامکروہ اور غلیظ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔تمام عالم اسلام اس مکروہ عمل کی مذمت کرتا ہے اور کوئی بھی مسلمان ایسا نہیں جس کو ان لوگوں کے اس عمل سے تکلیف نہ پہنچی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت اپنی جگہ لیکن ایسی جگہ جہاں اونچی آواز میں بات کرنا بھی آداب کے خلاف ہے وہاں اپنے سیاسی مقاصد کے حصول اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومتی وفد کو نشانہ بنانا اور ان کے خلاف زور زور سے نعرے بازی کرنا ناقابل برداشت عمل ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ تمام مسلمانوں کا سر شرم سے جھک گیا ہے اور ہم سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے شرمندہ ہیں۔ چند شر پسند پاکستانیوں کے روضہ رسولؐ کی بے حرمتی کے عمل نے تمام دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام محبت، اخوت اور برداشت کا درس دیتا ہے اور اسلام میں عدم برداشت اور نفرت کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ایسے لوگوں کو سخت سزائیں دینی چاہئیں اور تاحیات پابندی لگانی چاہئے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں کہ ہمارے بڑوں نے کیسا مکروہ اور غلیظ عمل کیا تھا جس کی وجہ سے آج اُن کی اولاد کو بھی شرمندگی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مسجد نبویؐ اور روضہ رسولؐ کی بے حرمتی کا ارتکاب کرنے والوں اور جن کے ایماء پر انہوں نے مقدس مقامات کا تقدس پامال کیا قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔ ان عناصر کی وجہ سے پاکستان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے لیکن اسلام اور حرمین الشرفین کی تعظیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے