عید الفطرکی تعطیلات کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں، ڈاکٹر سلطان احمد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل ہسپتال ڈاکٹر سلطان احمد لہڑی نے کہاہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں عید کی تعطیلات کے دوران ڈاکٹرز اوردیگر اسٹاف اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو عیدالفطر کی تعطیلات کے موقع پر ہسپتال میں عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈاکٹر سلطان لہڑی نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت سیداحسان شاہ اور سیکرٹری صحت صالح ناصر کی خصوصی ہدایت پر عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران بولان میڈیکل ہسپتال کوئٹہ میں عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اورعید الفطر کی تعطیلات کے دوران ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگر کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں ڈاکٹرزاوردیگر عملہ تعطیلات کے دوران اپنی جائے تعیناتی پرحاضری کو یقینی بنائیں ڈیوٹی سے غیرحاضری پرسخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔