چاہتا ہوں جب کال دوں کم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں، عمران خان
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا بوٹ پالش اور چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا، چاہتا ہوں جب کال دوں کم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔
ایوان اقبال میں ورکرز کنونشن سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی چوری بچانے کیلئے پورے ملک کو غلام بنا دیں گے، ملک پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت سے امریکا ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکا بوٹ پالش اور چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا، امریکا کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار افراد مارے گئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی کے ذریعے کورونا کا مقابلہ کیا، مشرف دور میں بیرونی قرض 2 یا 3 ارب ڈالر بڑھا، ان کے دور میں 50 ہزار ارب ڈالر بیرونی قرضے میں اضافہ ہوا، شہباز شریف پر ایف آئی اے میں کرپشن کے کیسز ہیں، مشرف نے امریکا کے دباؤ میں انہیں این آر او دیا، یہ این آر او ٹو لیں گے تو انصاف کے نظام کی قبر کھو دی جائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ سنبھالتے ہی ایف آئی اے میں تبادلے کیے، شہباز شریف اب اپنے کیسز ختم کرائیں گے، یہ صفائی کر کے پھر سے لوٹ مار شروع کریں گے، نیب، عدالتیں صرف چھوٹے چھوٹے چوروں کو پکڑیں گی، طاقتور چوروں کو ہمارا نظام نہیں پکڑ سکے گا۔ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا ایجنٹ ہے۔