عمران خان مہنگائی و لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار ہیں، انتخابات الیکشن کمیشن مرضی سے کرائیگا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جامعہ کراچی میں ہونے والے وین دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جامعہ کراچی وین دھماکے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ، رپورٹ جلد سامنے آجائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چیف الیکشن کمشنر کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ الیکشن عمران خا ن کی دھمکیوں پر ہرگز نہیں ہوں گے، انتخابات الیکشن کمیشن اپنی مرضی سے کرائے گا۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں 16 فیصد مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے، جواب دینا پڑے گا، ملک میں لوڈ شیڈنگ بھی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ہم نیوز کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان 11 ہزار میگا واٹ بجلی بیدا کرنے والے یونٹ بند کر کے گئے ہیں۔