بے نظیر کا بیٹا نواز شریف سے10سیٹوں کی خیرات لینے گیا ہے، شاہ محمود قریشی

ملتان(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیرخارجہ اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بے نظیر کا بیٹا نواز شریف سے 10 سیٹوں کی خیرات لینے گیا ہے. ملتان چوک دولت گیٹ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نئی کابینہ دیکھی ہے جس میں آدھے لوگ ضمانتوں پر ہیں، انہوں نے آتے ہی اپنے نام ای سی ایل سے نکالے،، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں یہ لوگ لٹکے ہوئے چہرے لے کر بیٹھے ہوئے تھے، ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ان سے حساب لینے کا وقت آگیا ہے، ایف آئی اے میں وزیراعظم پر مقدمات چل رہے ہیں، اراکین اسمبلی کے ذریعے پٹیشن دائر کرنے جارہے ہیں، بری ہونے تک ایف آئی اے میں من مرضی کے تبادلے نہیں کر سکتے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ میں زرداری کا پیٹ پھاڑ کر لوٹا ہوا پیسہ واپس لاؤں گا اب کیا ہوا کہ بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا نواز شریف سے 10 سیٹوں کی خیرات لینے گیا ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں راتوں رات نجانے کیا ہوا کہ مفادات کا ملاپ ہوگیا۔ بہت جلد یہ 13 جماعتوں کا غیر فطری اتحاد بکھر جائے گا، کیا پیپلز پارٹی اور ن لیگ بے عیب تھیں کہ انہوں نے مدت پوری کی اور تحریک انصاف کو ہٹا دیا گیا، ہمارے خلاف بہت بڑی سازش ہوئی ہے لیکن ہم گھبرانے والے نہیں ہیں، لائٹیں بند کرنے یا میڈیا پر بلیک آؤٹ کرنے سے تحریک انصاف کو دبایا نہیں جاسکتا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے فنڈ ریزنگ کی کیونکہ ہمارے پاس چوری کا مال نہیں ہے، ایک کال پر ہمیں ایک ہفتے کے اندر 22 کروڑ روپے جمع کروادئیے ہیں، اب پی ٹی آئی کی اے ٹی ایمز کہاں گئیں، سازش کے خلاف پوری دنیا میں عوام احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں، 26 کو تمام اضلاع کے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج کیا جائے گا، ضمیر کا سودا نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کو سلام پیش کرتے ہیں اور لوٹوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے گا، کراچی اور لاہور کے جلسوں میں عوام نے کہہ دیا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے، اب عید کے بعد 29 مئی کو ملتان کے جلسے کا اعلان کرتا ہوں، تمام اراکین اسمبلی اور عہدیداران 29 اپریل سے کال کی تیاریاں شروع کردیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے