بلوچستان میں جدید ترین فرانزک لیب کا قیام عمل میں لایا جائے، آغا حسن بلوچ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے بلوچستان میں جدید ترین فرانزک لیب کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو عملدرآمد کی ہدایت کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت کے تحت پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کے دوران کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر کو تمام منسلک محکموں کے سربراہوں کے ساتھ ساتھ سیکرٹری برائے سائنس و ٹیکنالوجی حمیرا احمد نے جاری منصوبوں اور ان کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے جس سے ہمارے ملک کی سماجی و اقتصادی حیثیت میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے تمام محکموں کے کام کو سراہا اور تمام صوبوں میں یکساں ترقی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں جدید ترین فرانزک لیب کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختون خوا اور سندھ کے قریبی علاقوں کے لوگوں کو بھی سہولیات میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ پریشانی میں مبتلا لوگوں کو لاہور کے بڑے فرانزک لیب سے اپنے نمونے ٹیسٹ کروانے کے لیے ہفتوں تک انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بلوچستان کے متعدد علاقوں میں اسکل ڈویلپمنٹ سینٹرز کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کوئٹہ، جعفرآباد اور گوادر میں کامسیٹس یونیورسٹی کے تین نئے کیمپس، جو پہلے ہی منظور شدہ ہیں، کو ترجیحی بنیادوں پر قائم کیا جائے تاکہ جدید ترین اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں اور سائنس کے شعبے میں تعلیم کے معیار کو بلند کیا جا سکے جس سیبالخصوص بلوچستان کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی ہو پائے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے سائنس ٹیلنٹ فارمنگ اسکیم کے ذریعے بلوچستان کے لوگوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور کوئٹہ، پشین اور قلعہ سیف اللہ کے تین اسکولوں کو STEM پروگرام میں اپ گریڈ کرنے کے لیے وزارت کی کوششوں کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے