ایران سے آنے والی ٹرانسمشین لائن میں خرابی،بلوچستان کے تین اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار کی رات 12:05 منٹ پر ہمسایہ ملک ایران کی جانب سے132kV جیکی گور مین ٹرانسمیشن لائن بند ہوگئے جس کے نتیجے میں مکران کے تینوں اضلاع کے مند،تُمپ،تربت، ہوشاب، پنجگور،پسنی،اورماڑہ،جیونی،گوادرانڈسٹریل،گوادر ڈیپ سی پورٹ اور گوادر گرڈاسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ اس دوران کیسکو حکام کی جانب سے رابطہ کرنے پر ایرانی حکام نے بتایا کہ فنی خرابی اور مرمتی کام کے سلسلے میں بجلی بند کیا گیاہے اور فنی خرابی کی درستگی اورمرمتی کام مکمل ہوتے ہی بجلی دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ فنی خرابی کی درستگی اور مرمتی کام مکمل ہونے کے بعدہمسایہ ملک ایران کی جانب سے 132Kvجیکی گور۔مند ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی اتوار کے روز شام 4بجے بحال ہوگئی اورابتدائی طور پر ایران کی جانب سے صرف30 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی تاہم شام 6بجکر35منٹ پر مکمل طور پر 100میگاواٹ کی فراہمی دوبارہ شروع ہوگئی جسکے بعدمکران کے تینوں اضلاع تُربت،گوادر اور پنجگور کے تمام علاقوں کو بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے اور اب مکران کے تمام علاقوں کو معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔تاہم اس دوران ایران سے بجلی کی بندش پرکیسکو نے مکران کے صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔