بلوچ بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں مسنگ پرسن کا معاملہ حل کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دہشتگردی کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے کے برابر، ماضی میں صوبے کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، انصاف کی بنیاد پر مسنگ پرسن کا مسئلہ حل کریں گے۔
وزیراعظم نے کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا، شہباز شریف کو ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی اور صوبے کے انتظامی امور، امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج میرے لیے انتہائی اہم دن ہے، بلوچستان خود دار بلوچوں کا صوبہ ہے، خادم پاکستان کے طور پر بلوچستان میں موجود ہوں، جغرافیائی لحاظ سے بلوچستان سب سے بڑا صوبہ ہے، بلوچستان میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، بلوچستان بہت پیچھے رہ گیا ہے، سوئی کی گیس سے پورا پاکستان مستفید ہوتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقیاتی اور خوشحالی بہت ضروری ہے، بلوچستان میں مسنگ پرسن کا بھی معاملہ ہے، وکلا نے بھی آج مسنگ پرسن کا معاملہ اٹھایا، مسنگ پرسن کے معاملات کو حل کریں گے، اخترمینگل بھی بار بار مسنگ پرسن کا معاملہ اٹھاتے ہیں، خلوص دل سے مسنگ پرسن کا معاملہ اٹھاؤں گا، بلوچ بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں انصاف کی بنیاد پرمسنگ پرسن کا معاملہ حل کریں گے، اگر ان معاملات کو حل نہیں کریں گے تو پھر محرومی، مایوسی رہے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں سے کوئی اختلاف رائے نہیں، مختلف وجوہات کی بنا پر بلوچستان بہت پیچھے رہ گیا، خدارا شمالی اور جنوبی بلوچستان کے بیانیے کو ترک کر دیں، بلوچستان کے جس حصے میں بھی ناانصافی ہے وہاں مسائل کو حل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کو جو قدرتی گیس سے فائدہ ہونا تھا وہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، بلوچستان میں بے پناہ معدنی وسائل موجود ہیں،صوبے میں پن بجلی کے بے شمارمنصوبے بن سکتے ہیں، یہاں بے شمار کوئلہ موجود ہے، بلوچستان کے وسائل کا پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا گیا، ریکوڈک کیس میں اربوں روپے ضائع ہو گئے، ریکوڈک کیس اجتماعی کارکردگی کا امتحان تھا جس میں ہم ناکام ہوئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیا ہم ماضی میں جھانکتے رہیں گے اور افسوس کرتے رہیں گے، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کر کے آئندہ اتحاد اور اتفاق سے آگے بڑھنا ہوگا، دہشت گردی نے بلوچستان میں تباہی مچائی، خیبرپختونخوا، بلوچستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں، بہادر افواج پاکستان نے دہشت گردی کو شکست فاش دی، حالیہ دنوں میں پھر دہشت گردی نے سر اٹھایا ہے، باہمی اتفاق سے دوبارہ دہشت گردی کو شکست فاش دیں گے۔