ای سی ایل رولز میں ترمیم، عدم ثبوت پر 120 دن میں نام خارج ہوگا، رانا ثنااللہ
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے رولز میں ترمیم کی گئی ہے اور اس کے تحت ساڑھے 3 ہزار لوگ براہ راست مستفید ہوں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اپنے پیش رو کی طرح ایک پریس کانفرنس گھر سے دفتر آتے ہوئے اور ایک پریس کانفرنس دفتر سے گھر جاتے ہوئے شاید نہ کرسکوں لیکن جیسے ہی کوئی ایسا معاملہ یا فیصلہ ہوا کرے گا تو ہفتے میں ایک دفعہ یا دو سے تین دفعہ بھی ضرورت پڑے تو اس حوالے سے زحمت دیتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کی تعداد 21 یا 22 ہے، بریفنگ لی ہے، جہاں بہت سے ایسے شعبے ہیں، جس کو نظرانداز کیا گیا ہے اور ان شعبوں پر شاید دھیان جاتا ہی نہیں ہے تاہم ان شعبوں میں ایسے اقدامات کرسکتے ہیں جس سے عوام کو بڑے پیمانے پر ریلیف مل سکتا ہے اور لوگوں کی فلاح ہوسکتی ہے۔