سانحہ دادو، وزیراعظم کا تحقیقات کا حکم، رپورٹ طلب، متاثرین کے لیے ایک کروڑ جاری
دادو(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف نے دادو کے نواحی گائوں میں آگ لگنے کے سانحے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی امداد کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے ایک کروڑ روپے جاری کردیئے گئے.
وزیراعظم شہبازشریف نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی بحالی تک ہر ممکن امداد فراہم رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کے دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔
زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی عفلت نہ برتی جائے، ضلعی انتظامیہ ایسے اقدامات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسا کوئی بھی واقعہ سانحے کی شکل اختیار نہ کر سکے۔ تفصیلی رپورٹ میں کسی بھی قسم کی غفلت کا پتا چلنے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
یاد رہے گزشتہ دو روز قبل دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچا دی تھی، مختلف مقامات پر آتشزدگی سے ایک سو سے زائد گھر جل گئے۔