شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے گزشتہ روز کوئٹہ شہر میں 22فیڈرز ٹرپ کر گئے، ترجمان کیسکو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ گزشتہ روز شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کوئٹہ شہر میں 22فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر 12 فیڈروں کو بند کر دیا گیا۔شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے مغربی بائی پاس کے قریب11kv جبل نور کے دو کھمبے جبکہ جیل روڈپر 11kv ملک پلانٹ فیڈر کے بھی دو کھمبے گر گئے جس کے باعث مذکورہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ترجمان نے کہاکہ موسم میں بہتری آنے کے بعد کیسکوفیلڈاسٹاف نے مرمت وبحالی کاکام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا۔اس دوران کیسکوکے چیف انجینئر آپریشن ڈائریکٹر شوکت جوگیزئی اور سپرنٹنڈنگ انجینئر جی ایس اوسرکل مرزا اعزازبیگ اپنے عملہ کے ہمراہ بجلی بحالی کے عمل کی نگرانی کرتے رہے۔کیسکوترجمان نے مزید کہاکہ ماہ رمضان میں صارفین کی مشکلات کے فوری ازالہ کیلئے کیسکوفیلڈاسٹاف نے رات گئے ہنگامی بنیادپر بحالی کاکام شروع کرکے سحری تک 14سے زائد فیڈرز سمیت جبل نور فیڈرکے گرے ہوئے کھمبوں کی مرمت کاکام مکمل کرکے بجلی بحال کردی اور مسلسل کام کرتے ہوئے صبح چھ بجے تک 11Kvملک پلانٹ فیڈرکے گرے ہوئے کھمبوں کی بھی مرمت کاکام مکمل کرکے بجلی بحال کردی گئی۔ کیسکوترجمان نے مزیدکہاکہ کچھ فیڈرز فنی خرابی پر بند تھے اور منگل کے روز دوپہر 2بجے تک فنی خرابی دورکرکے بجلی کی فراہمی مکمل طورپربحال کردی گئی اور اب معمول کے مطابق تمام فیڈروں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ تاہم کیسکونے طوفانی ہواؤں سے بجلی بند ش پر متعلقہ صارفین سے زحمت کیلئے معذرت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے