ایف آئی اے کی اسٹاپ لسٹ سے نام نکلتے ہی شہزاد اکبر دبئی روانہ
اسلام آباد: ایف آئی اے کی اسٹاپ لسٹ سے نام نکالے جانے کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر دبئی روانہ ہوگئے۔شہزاد اکبر نیو اسلام آباد انڑنشینل ایئرپورٹ سے دبئی جانے والی ایمریٹس ائیر لائن کی پرواز نمبر ای کے 615 کے ذریعے اتوار کی صبع 3.30 بجے دبئی روانہ ہوئے جہاں سے انکی برطانیہ روانگی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ شہزاد اکبر، شہباز گل، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ڈاکڑ ارسلان سمیت تین بیورو کریٹس، سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور محمد رضوان اور ڈائریکڑ جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کے نام 8 اپریل کو ایف آئی اے ہیڈکواٹر کی جانب سے اسٹاپ لسٹ میں شامل کرکے بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے نیو اسلام آباد انڑنشینل ائیرپورٹ سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور بارڈر سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر امیگریشن حکام کو ارسال کر دیے گئے تھے۔بعدازاں شہزاد اکبر اور ڈاکڑ شہباز گل نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو عدالت نے ایف آئی اے کا نوٹیفکیشن معطل کرکے سماعت کے بعد تمام چھ افراد کے نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کے احکامات دیے جو ایف آئی اے نے اسٹاپ لسٹ سے نکال دیے تھے۔