سعودی ولی عہد کی شہباز شریف کو دورے کی دعوت
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب دورے کی دعوت دے دی۔
سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم شہباز شریف کو فون کر کے دورہ سعودی عرب کی دعوت دے دی۔ محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہیں اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مبارکباد پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی دور اندیش قیادت میں مملکت کی نمایاں ترقی کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دوطرفہ اور بین الاقوامی فورمز پر تاریخی اور مسلسل حمایت اور تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر وقت مملکت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد از جلد مملکت کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ولی عہد کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔