عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف 14 کروڑ میں دبئی میں بیچے، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے۔شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں کنفرم کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کیے ہیں۔
وزیراعظم نے بیچے گئے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔گفتگو جاری رکھتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے بھی ایک بار گھڑی تحفے میں ملی تھی جسے میں نے توشہ خانہ میں جمع کرا دیا تھا، مجھے کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں ہے۔
حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنائے جانے سے متعلق صحافیوں کے سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی آفر اس سے قبل پرویز الٰہی کو کی گئی تھی اور انھوں نے یہ آفر قبول کرتے ہوئے دعائے خیر بھی کی تھی، دونوں جانب سے ایک دوسرے کو مٹھائیاں بھی کھلائی گئی تھیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ لیکن اس کے باوجود پرویز الٰہی بھاگ گئے جس کی وجہ سے ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں بچا تھا، حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ ان کا نہیں بلکہ پارٹی اور اپوزیشن اتحاد کا تھا کیونکہ اپوزیشن کا مؤقف تھا کہ پنجاب میں کوئی ایسا شخص وزیراعلیٰ ہو جو ڈلیور کر سکے اور پھر سب نے متفقہ طور پر حمزہ شہباز کو نامزد کیا۔