افواج پاکستان کے خلاف مہم انتہائی تشویشناک ہے، ثوبیہ کرن کبزئی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر ثوبیہ کرن کبزئی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی عدم برداشت اور ملک کے سلامتی کے اداروں، افواج پاکستان کے خلاف مہم انتہائی تشویشناک ہے پاک فوج اور عدلیہ کے کردار کو ملک بھر کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں چند شرپسند عناصرکی جانب سے پاک فوج اور عدلیہ پر منفی تنقید کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے حکومت فوری طور پر پاک فوج اورعدلیہ پرشوشل میڈیا کے ذریعے تنقید کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ثوبیہ کرن کبزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام پاک فوج اور عدلیہ کا دل سے احترام کرتے ہیں اور گزشتہ دنوں عدلیہ کی جانب سے سابق حکومت کے غیر آئینی اقدام کو کالعدم قراردینے کے فیصلے سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں اور ملک میں ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے لیکن بعض شرپسند عناصر پاک فوج اور عدلیہ پرشوشل میڈیا پر غیر ضروری تنقید کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے پاک فوج اورعدلیہ پر غیر ضروری تنقید کرنے والوں کا محاسبہ کرتے ہوئے انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے۔