پی ٹی آئی کے منحرف رکن کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ، 8 ملزمان گرفتار
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے منخرف سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود کے گھر کے باہر فائرنگ واقعے پر پولیس نے 150 پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا، 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی احتجاجی ریلی منحرف سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود کے گھر کے باہر سے گزر رہی تھی کہ ریلی میں سے پی ٹی آئی کارکنوں نے ہوائی فائرنگ کردی جس پر میاں خالد محمود کے گھر کے اندر سے ملازمین نے بھی فائرنگ کی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او شیخوپورہ، ایس پی انویسٹی گیشن اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، میاں خالد محمود کے بیٹے میاں تیمور خالد نے ڈی پی او کی اپنے ڈرائیور غلام عباس کی مدعیت میں تحریری درخواست دی جس پر تھانہ بی ڈویژن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا کہ پی ٹی آئی کے 20 کے قریب نامزد اور 150 نامعلوم کارکنان میاں خالد محمود کی رہائش گاہ پر حملہ آور ہوئے اور فائرنگ کرتے ہوئے گھر توڑ پھوڑ کی، ملازمین کو تشدد کرکے نقدی و موبائل فون چھین لیے، بی ڈویژن پولیس نے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔