وزیراعظم شہباز شریف کا کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ملک کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے کم از کم تنخواہ 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کی دعاؤں سے آج اللّٰہ نے پاکستان کو بچا لیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی، آج حق کو فتح اور باطل کو شکست ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سیلیکٹڈ وزیراعظم کو ایوان نے آئین اور قانون کے ذریعے گھر کا راستہ دکھایا، ڈالر 190سے واپس 182 روپے پر آگیا ہے، سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا، اب آئندہ کوئی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایک ہفتے سے ڈراما چل رہا تھا، جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا تھا، کل بھی ڈپٹی اسپیکر نے خط لہرایا، میں نے آج تک وہ خط نہیں دیکھا، اس سے متعلق دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کروائی گئی، ہماری میٹنگز اور فیصلے اس سے کئی دن پہلے ہوچکے تھے، قوم حقیقت جاننا چاہتی ہے۔
شہباز شریف نے مراسلہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کو خط پر ان کیمرا بریفنگ دی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان ،سفیر اور ارکان پارلیمنٹ موجود ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے گزشتہ حکومت کو میثاق معیشت کی پیش کش کی تھی، میری میثاق معیشت کی پیشکش کا دو مرتبہ حشر نشر کیا گیا یہ زعم اور تکبر میں نہ ہوتے تو وہ پیشکش قبول کرتے آج ملک آگے جارہا ہوتا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان رواں مالی سال سب سے بڑا بجٹ خسارہ کرنے جا رہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہونے جا رہا ہے، 60 لاکھ لوگ بیروزگار اور 2 کروڑ سے زائد خط غربت سے نیچے جاچکے۔ شہبازشریف نے کہا کہ انھوں نے کھربوں کے قرض لیے ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے