نئے وزیراعظم کا چناؤ کچھ دیر بعد، پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کردیا، شہبازشریف واحد امیدوار

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم کے چناؤ کے عمل کا بائیکاٹ کرنے کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نےتصدیق کی ہےکہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کے انتخاب کے عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اور پی ٹی آئی قائد ایوان کے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لےگی۔

پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے استعفے دینےکا بھی فیصلہ کیا ہے اور ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے تمام اراکین سے استعفوں پر دستخط کرالیے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے 172 ارکان کی حمایت ضروری ہے، قومی اسمبلی کی آج کی کارروائی آرٹیکل 91، رول نمبر 32 کے تحت چلائی جائے گی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر دونوں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے، ایوان میں 5 منٹ گھنٹیاں بجانے کے بعد ہال اور لابی کے دروازے بند کر دیے جائیں گے اور ارکان کو اے اور بی لابی میں جانے کے لیے کہا جائے گا۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ جس امیدوار کو 172 کی حمایت حاصل ہوئی وہ قائد ایوان منتخب کر لیا جائے گا جبکہ اپوزیشن کے پاس 176 کی گنتی ہے۔منتخب ہونے والا قائد ایوان پاکستان کا 23 واں وزیراعظم ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے