ملک کے 23 ویں وزیراعظم کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) ملک کے 23 ویں وزیراعظم کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس جاری ہے۔ وزارت عظمیٰ کیلئے نون لیگ کے شہباز شریف اور تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی مد مقابل ہیں۔ وزیراعظم بننے کیلئے 172 ووٹوں کی ضرورت ہے۔ نئے قائد ایوان کی حلف برداری آج رات آٹھ بجے ہوگی۔

قائد ایوان کے انتخاب کے لئے سپیکر چیئر سے شیڈول پڑھ کر سنایا جائے گا۔ قائد ایوان کے انتخاب کے لئے تمام ارکان کو ایوان میں کارروائی کا آغاز ہوتے ہی پہنچنا ہوگا۔ ارکان کو ایوان میں حاضری کے لیے پانچ منٹس تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی۔ تمام ارکان کے حاضر ہونے اور پانچ منٹس گھنٹیاں بجنے کے بعد تمام دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔

دروازوں کے مقفل ہونے کے بعد کوئی رکن اندر سے باہر یا باہر سے اندر داخل نہیں ہوسکے گا۔ لابیز کے دروازوں پر سارجنٹ ایٹ آرمز متعین کر دیئے جائیں گے۔ سپیکر چیئر سے ایوان کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔

قائد ایوان کے انتخاب کے لیے میاں شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی دو امیدوار ہیں۔ دونوں امیدواران کے لئے الگ الگ لابیز مختص کی جائیں گی۔ قومی اسمبلی اجلاس کی کل کی کارروائی آئین کے آرٹیکل 91 اور قاعدہ 32 کے تحت چلائی جائیگی۔ قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے کسی بھی امیدوار کو 172 ارکان لازمی درکار ہونگے۔ گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد کو اپوزیشن 174 ارکان کے ساتھ کامیاب بناچکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے