قومی اسمبلی کا اجلاس جاری؛ نئے وزیراعظم کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ملک کے 23 ویں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں تحریک انصاف کے ارکان انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے، شہباز شریف وزیراعظم کے لیے واحد امیدوار رہ گئے جو جلد منتخب ہوجائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اہم ترین اجلاس قائم مقام اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت شروع ہوگیا۔ اپوزیشن کے نامزد امیدوار شہباز شریف سمیت اپوزیشن کے تمام ارکان اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ایوان میں موجود نہیں تاہم پی ٹی آئی کے ارکان اور نامزد امیدوار شاہ محمود قریشی موجود ہیں۔
پی ٹی آئی اراکین کے ایوان میں آتے ہی شور شرابہ شروع ہوگیا۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے نواز شریف کی تصویر ایوان میں لہرا دی جس پر پی ٹی آئی ارکان نے گلی گلی میں شور ہے، نواز شریف چور ہے کے نعرے لگائے جس پر مسلم لیگی ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کے جوابی نعرے لگائے۔