1973کے آئین کا مسودہ شہریوں کو تمام حقوق کی فراہمی کی ضمانت بھی دیتا ہے، میر عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ 10 اپریل کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں یوم دستور کے طور پر منایا جاتا ہے یہ دن دراصل ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے کہ جنہوں نے آئین پاکستان کا مسودہ تیار کیا اور پاکستان کو ایک جمہوری پارلیمانی نظام دیا ایک ایسا نظام کہ جس میں ایوان بالا اور ایوان زیریں میں صوبوں کی نمائندگی ہے۔ 1973 کے آئین کا مسودہ نہ صرف پاکستان سے وفاداری اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے بلکہ اس کے شہریوں کو تمام حقوق کی فراہمی کی ضمانت بھی دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس آئین سے پاسداری میں ہی ہماری بقا ہے یہ دن ہمیں بتاتا ہے کہ ایوان بالا سینٹ میں تمام صوبائی اکائیوں کو یکساں نمایندگی حاصل ہے اور وہ اپنے تمام معاملات اور اپنے صوبوں سے متعلق امور کو ایوان بالا میں لے کر چلتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئین کا مسودہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی متفقہ رائے سے پاس کیا گیا جس میں عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہر شہری کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور تمام شہریوں کے حقوق کا ضامن ہے پاکستان کے ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ آئین سے ہمیشہ وفاداری اور پاسداری کے حلف کو برقرار رکھتے ہوئے سچے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے