نا اہل عمران نیازی کو گھر بھیجنے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جدوجہد قابل تحسین ہے، روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خاتمے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے،نا اہل عمران نیازی کو گھر بھیجنے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جدوجہد قابل تحسین ہے، عمران نیازی نے جو اقدامات کیے وہ تمام آمرانہ سوچ کے عکاس تھے یہ لوگ اقتدار میں صرف عیاشیوں کے لیے بیٹھے ہوئے تھے ان کو غریبوں کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں تھا۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،شیخ بلال مندوخیل،حیات خان اچکزئی،ضلع کوئٹہ کے صدر خیرمحمد ترین، جبار خان خلجی، کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،سپورٹس ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ،ندیم آفریدی اوردیگر نے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی خوشی میں پریس کلب کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا اور بلاول بھٹو زرداری،آصف علی زرداری کے حق میں نعرے بازی کی۔ مقررین نے کہا کہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں نے ساڑھے تین سال کے دوران مہنگائی اور بے روزگاری کے تمام ریکارڈ توڑدیئے عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ تھے اور نا اہل حکمرانوں سے نجات چاہتے تھے اپوزیشن جماعتوں نے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر سابق وزیراعظم عمران نیازی کو جمہوری اور آئینی طریقے سے وزیراعظم کے منصب سے ہٹایا اس کے پیسے کوئی بھی غیرملکی سازش کارفرما نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ عمران نیازی نے خط کا سہارا لیکر آئین اورقانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن جماعتوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انکے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملادیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جعلی خط کے زریعے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام ہو گئی ہے پی ٹی آئی نے تبدیلی اور نئے پاکستان کا جھوٹا خواب دکھا کر ملک کوتباہی کی کی جانب دھکیل دیا اب انشاء اللہ نئی حکومت پاکستان کی معیشت کی بہتری اور عوا م کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے انہوں نے کہاکہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری روز اول سے ہی یہ کہتے آرہے تھے کہ سلیکٹڈ حکومت سے نجات کا واحدراستہ تحریک عدم اعتماد ہے آج انکی یہ بات سچ ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اورجمہوریت کے استحکام اور ملکی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے۔انہوں نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔