میں نے کوئی آئین نہیں توڑا ، قاسم سوری
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ بڑی قوتیں صرف پاکستان میں ہی نہیں دیگر جگہوں پر بھی حکومت بدلنے کا سوچ رہی ہیں۔دیکھیں گے کس کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں
پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری کا کہنا تھا میں نے کوئی آئین نہیں توڑا بلکہ ایک محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا اور پوری قوم نے میرے فیصلے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ایجنڈے کے تحت حکومتیں بدلیں تو ایک محب وطن پاکستانی کیا قدم اٹھائے، جنہوں نے مارشل لاء لگایا انہوں نے غلط کیا لیکن ہماری جمہوری حکومت ہے، عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو پتا ہے کہ سازش ہو رہی ہے، حکومت نے کمیشن بنایا ہے، بیرونی آقاؤں کی غلامی کرتے ہوئے حکومت بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر رولنگ دی، ساری زندگی اس پر فخر کروں گا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے جو فیصلے دیے آئی ایس پی آر سمیت تمام ریاستی اداروں نے اس کی توثیق کی۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ عدالت آرٹیکل 5 اور میری رولنگ کی طرف گئی ہی نہیں، اگر سپریم کورٹ کے ججز خط دیکھتے تو وہ بھی یہ ہی فیصلہ کرتے۔ عدالت کا فیصلہ آچکا ہم مان چکے ہیں۔ اب بھی کہتا ہوں بیرونی سازش ہے۔ کیا ہمیں بیرونی قوتوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے جا رہے ہیں۔ دنیاوی آقاؤں کے بجائے صرف اللہ کے سامنے جھکنا چاہیے۔ ریاست پاکستان کیخلاف سازش کو دنیا کے سامنے لانے میں آئند بھی آگے آوں گا۔
ڈپٹی اسپیکر کے خلاف پیش کی گئی تحریک سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ میری خلاف پہلے بھی اپوزیشن نے ریفرنس بھیجا۔ اس بار بھی حاضر ہیں، دیکھیں گے کس کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔