عمران خان کے آخری مایوس کن اقدامات اب انہیں بچا نہیں سکتے، بلاول بھٹو
اسلام آباد :چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر بغاوت میں 30 سیکنڈز لگے تو اس کے تدارک میں بھی 30 سیکنڈز لگنے چاہیئیں،انصاف میں تاخیر انصاف فراہم نہ کرنے کے مترادف ہے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ ہفتوں کے آئینی بحران کے بعد آج پنجاب میں ڈپٹی اسپیکر کو وزیراعلی کے انتخاب کے دن اسمبلی سے باہر نکال دیا گیا۔عوامی نمائندوں کے ایوان کے اطراف خاردار آہنی تاریں لگادی گئی ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کے آخری مایوس کن اقدامات اب انہیں بچا نہیں سکتے۔ ان کی حکومت جاچکی، سلیکٹڈ راج کا خاتمہ ہوگیا۔ان کا کہنا ہے کہ کیسے عمران خان کو غیرجمہوری طریقے سے لایا گیا اور کیسے بھاگتے ہوئے اس نے آئین کو پامال کیا، عوام یہ دیکھ رہے ہیں اور تاریخ میں یہ سب لکھا جائے گا۔