نقل کے خاتمے کیلئے طلباء اور والدین کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی، پروفیسر شوکت علی سرپرہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کنٹرولر بورڈ بلوچستان پروفیسر شوکت علی سرپرہ نے کہا ہے کہ بلوچستان بورڈ نقل کے ناسور کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہا ہے نقل کے خاتمے کے خاتمے کیلئے طلباء اور والدین کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی۔ یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری کی خصوصی ہدایت پرجمعہ کو اسپیشل ہائی اسکول میں نہم اور میٹرک کے امتحانی سینٹر کے دورے کے موقع پر طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شہزادہ کاکڑ بھی موجود تھے۔پروفیسر شوکت علی سرپرہ نے کہا کہ بلوچستان بورڈ صوبے میں نہم اور دہم کے جاری امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہا ہے اس سلسلے میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو امتحانی سینٹر ز کے اچانک دورے کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل کا ناسور ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے جس کے خاتمے کیلئے طلباء،والدین سمیت ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کرداراداکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بورڈ نقل کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ذہین طلباء اور طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہا ہے۔