آزاد رکن اسمبلی جگنو محسن نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کردیا
لاہور:پنجاب اسمبلی میں آزاد رکن اسمبلی جگنو محسن (سیّدہ میمنات محسن) نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے خوش اسلوبی سے مجھے بلایا۔ اس پارٹی میں شامل ہورہی ہوں جہاں ہمیشہ جمہوریت کا تسلسل رہا، ہمارے درمیان زیرک سیاست دان موجود ہیں جو مشکلات سےنکالیں گے۔جگنو محسن نے کہا کہ لیگی صدر شہباز شریف نے قدم قدم پر میرے کام کو سراہا، ن لیگ کی قیادت اور کارکنوں نے بہت قربانیاں دیں، میرے حلقے کی عوام مجھے حکم دے رہی ہے، حلقے کی عوام نے کہا ہمارے کام کرنے ہیں ، میرا عطا تارڑ کی قیادت سے بھی مسلسل رابطہ رہا، وقت آ گیا ہے کہ عوام کی حکمرانی کےلیے فیصلہ کروں۔ چھوٹے صوبوں کی سنیں گے، معیشت کو مستحکم کریں گے، پورے پاکستان کے رنگ پی ڈی ایم میں جھلکتے ہیں۔حمزہ شہباز کی جانب سے جگنو محسن کی شمولیت کا خیر مقدم کیا گیا۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے گزشتہ روز اوکاڑہ کے حلقہ پی پی184سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات کی تھی جگنو محسن پی پی 184 سے 2018ء میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئی تھیں۔