نئے وزیراعظم کا انتخاب قومی اسمبلی ایجنڈے میں شامل کرنے کی درخواست جمع

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اپوزیشن نے نئے وزیراعظم کا انتخاب قومی اسمبلی ایجنڈے میں شامل کرنے کی درخواست جمع کرادی۔اپوزیشن نے درخواست قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی اور نئے وزیراعظم کا انتخاب ایجنڈا میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ ضمنی ایجنڈا جاری کرکے نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ سردار ایاز صادق ، نوید قمر اور شازیہ مری نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی جانب سے یہ درخواست جمع کرائی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ سپلیمنٹری ایجنڈا جاری کرکے نئے وزیراعظم کے انتخاب کو ایجنڈا میں شامل کیا جائے، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی ایجنڈے پر ہونا چاہیے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن اور حکومت کا ساتھ چھوڑنے والی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان کا اہم مشترکہ اجلاس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی رہائش گاہ پر ہوا۔اجلاس میں شہبازشریف، بلاول بھٹوزرداری، مولانا اسعدالرحمن، عامر خان، شاہ زین ، سردار اختر مینگل، ڈاکٹر خالد مگسی اور اسلم بھوتانی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ پارلیمانی سربراہان نے تحریک عدم اعتماد کے لئے نمبرگیم میں متحدہ اپوزیشن کو اکثریت حاصل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے