بذات خود جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں،نورمحمد دمڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر صوبائی وزیر منصوبہ بندی نورمحمددمڑ نے صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں بعض منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔  انہوں نے کہا کہ وہ بذات خود  جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہوسکیں اور عوام بلاتاخیر ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ کوئٹہ میں جاری تمام منصوبے اسی دور حکومت میں مکمل کئے جائیں اور نئے منظور شدہ منصوبوں پر بھی اسی دور حکومت میں عملی کام کا آغاز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی میں مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا وزیر منصوبہ بندی نے سنجاوی سے آئے ہوئے لوگوں سے ملاقات کرکے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش مسائل کا انہیں بھر پور ادراک ہے اور وہ شروع دن ہی سے علاقے کی پسماندگی کو دور کرنے اور لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بلوچستان اور جنوبی بلوچستان میں جتنے ترقیاتی منصوبے منظور کئے گئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کی پسماندگی اور علاقے کی عوام کو درپیش مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیں گے اور علاقہ پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن ہوجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے