وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب مؤخر
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب مؤخر کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم نے قوم سے اپنا خطاب مؤخر کر دیا ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم کا خطاب کچھ مصروفیات کی وجہ سے مؤخر کیا گیا ہے اور وزیر اعظم کا کوئی خطاب ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ حکومت جا نہیں رہی پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے جا رہی ہے۔اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ وزیر اعظم شام کو قوم سے خطاب کریں جبکہ کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست شروع ہو گئی ہے اور وزیر اعظم آج سنیئر صحافیوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے تاہم انتظار کریں سب کچھ سامنے آجائے گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ڈٹ کر کھڑے ہیں اور تحریک عدم اعتماد پر 3 اپریل کو ووٹنگ ہے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ 72 گھنٹے کی سیاست ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کے دوران سینئر صحافیوں اور اتحادیوں کو دھمکی آمیز خط دکھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آخری بال تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں،انہوں نے ٹوئٹ کی کہ استعفیٰ نہیں ملے گا میدان لگے گا، دوست بھی دیکھیں گے اور دشمن بھی۔