حکومت فوری طور پر سریاب روڈ کی تعمیر کو یقینی بنائے،لالا یوسف خان خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خان خلجی نے کہا ہے کہ کوئٹہ بلوچستان کا دارالخلافہ ہونے کے باوجود کھنڈرات کا منظرپیش کر رہا ہے سریاب روڈ گزشتہ ڈیڑ ھ سال سے زیر تعمیر ہے لیکن ابھی تک کام مکمل نہیں ہوسکا جس ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے لیکن علاقے سے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان ملک کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے جہاں پشتون اور بلوچ منتخب ہوکر اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں لیکن وہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور الزام پنجاب پر لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دوسرے صوبے سے آکر ہمارے وسائل ہڑپ نہیں کررہا ہے بلکہ خود ہمارے منتخب نمائندے کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ گزشتہ ڈیڑھ سال سے کھودا کررکھ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے سریاب روڈ پر سارا دن ٹریفک جام رہتی ہے اور دھول مٹی کے باعث شہری اور سڑک کے دونوں جانب دکاندار ذہنی کوفت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سریاب اورگردونواح سے منتخب بی این پی مینگل کے ارکان اسمبلی ملک نصیرشاہوانی،احمد نواز بلوچ، پشتونخوامیپ کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے،رکن قومی اسمبلی کو یہ کھودا گیاروڈ دکھائی نہیں دیتا پتہ نہیں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے اپنے گھروں کو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر سریاب روڈ کی تعمیر کو یقینی بنائے تاکہ جہاں ایک طرف ٹریفک جام کا مسئلہ ختم ہوسکے تو دوسری جانب شہریوں اوردکانداروں کو سہولت میسرآسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے