بلوچستان سے 20ارکان قومی اسمبلی میں 16نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتمادمیں اپو زیشن کا سا تھ دینے کا اعلان کر دیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان سے منتخب ہو نے والے 20ارکان قومی اسمبلی میں 16نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتمادمیں متحدہ اپو زیشن کا سا تھ دینے کا اعلان کر دیا ہے،تفصیلات کے مطابق بلو چستان کی قومی اسمبلی میں کل 20نشستیں ہیں جن میں سے 6جمعیت علماء اسلام، 5بلوچستان عوامی پارٹی، 4بی این پی،3پی ٹی آئی، 1جمہو ری وطن پارٹی جبکہ 1آزاد رکن ہیں، وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بلو چستان کے 20 ارکان قومی اسمبلی انتہائی اہمیت اختیار کر گئے اب تک 16ارکان تحریک عدم اعتمادکی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں جن میں حکومتی اتحادی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی، آزاد رکن محمد اسلم بھو تانی، بلو چستان عوامی پارٹی کے چار ارکان نوابزادہ خالد مگسی، اسرار ترین، روبینہ عرفان، احسان اللہ ریکی شامل ہیں جبکہ بی اے پی کی رکن وفا قی وزیر زبیدہ جلال نے اب تک تحریک عدم اعتماد کی حمایت کا اعلان نہیں کیا، اسی طرح جمعیت علماء اسلام روز اول سے اپو زیشن میں ہے، بی این پی بھی کچھ عر صہ قبل حکومت سے اختلافات کے بعد حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہو کر پی ڈی ایم اور متحدہ اپو زیشن کا حصہ بن چکی ہے۔