رمضان المبارک کا مقدس مہینہ رواداری اخوت اور عوام کے ساتھ بھلائی کا درس دیتا ہے،ڈپٹی کمشنر خضدار
خضدار(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی نے انجمن تاجران خضدارنمائندوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاہے کہ خضدار شہر میں عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنے اور شہر میں عوام اور تاجروں کودرپیش تمام ترمشکلات و مسائل کے خاتمے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے خضدار شہر سے تجاوزات کا خاتمہ، ٹریفک کی روانی اور صفائی کی صورتحال میں بہتری،اسٹریٹ لائٹس کی درستگی، رکشہ والوں کے لئے اسٹینڈ مختص کرنا،ریڑی بانوں کو راستوں سے ہٹانا، رمضان المبارک کے مہینے میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے ذریعے قیمتوں کو اعتدال پر لانا،بھکاریوں کاخاتمہ سمیت دیگر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے،شہر کی رونق کو دوبالا کرنے اور صفائی کی صورتحال کو بہتربنانے کے لئے کل سے ہی مہم کاآغاز کردیا جارہاجب کہ خضدار سے مال مویشی باہر لیجانے پر پابندی ہوگی اور اس سلسلے میں دفعہ 144کا نافذ کیا جارہاہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے آج اپنے آفس میں انجمن تاجران خضدار میونسپل کارپوریشن خضدار سمیت دیگرنمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی خضدار ارباب امجد کاسی اسسٹنٹ کمشنر خضدار جہانزیب نور شاہوانی انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل،خضدار پریس کلب کے صدر منیر نور گرگناڑی ارباب کمپلیکس خضدار تاجران کے صدر بابا شفیق احمد چنال،سید سمیع شاہ بشیراحمد جتک انجینئر ہدایت اللہ زہری تحصیلدار منیراحمد مغل پی ایس ٹو ڈپٹی کمشنر خضدار مراد احمد گزوزئی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک شرکاء نے شہر میں عوام کی فلاح وبہبود اور مسائل میں کمی لانے کے حوالے سے اپنے تجاویز پیش کیئے۔ اور رمضان المبارک کے مقد س مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے سے متعلق اپنے مشورے دیئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ عوام کو سہولیات دینے پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائیگا شہر میں گرانفروشی اور مال مویشی کی سمگلنگ کو ہر صورت میں روکا جائیگا خضدار شہر سے تجاوزات کاخاتمہ اور شہر میں ٹریفک کے نظام کو پولیس، انجمن تاجران کے تعاون سے بہتر بنایا جائیگا ان کاکہنا تھاکہ خضدار شہر میں صفائی کے نظام کو بہتربنانے کے لئے کل سے باقاعدہ مہم کا آغاز کیا جارہاہے اس سلسلے میں شہر میں جو ناکارہ لائٹس ہیں ان کی جگہ پر نئی لائٹس نصب کرکے اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو درست کردیا جائیگا۔خضدار شہر میں ریڑی بانوں اور رکشوں کے لئے الگ جگہ مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ اس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدانہ ہو اور عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر خضدارمیجر(ر) محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں پرائس کنٹرول کمیٹی خصوصی طور پر قیمتوں پر نگاہ رکھے گی اور گرانفروشوں کی حوصلہ شکنی کی جائیگی رمضان المبارک کا مقدس مہینہ رواداری اخوت اور عوام کے ساتھ بھلائی کا درس دیتا ہے اس سلسلے میں تاجروں کو بھی چاہیے کہ وہ روزہ داروں کے ساتھ بھر پور انداز میں تعاون کریں اور گرانفروشی سے گریز کریں رمضان المبارک میں قیمتوں میں اعتدال لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ترجیحات میں شامل ہے۔جب کہ خضدار سے بھیڑ بکریوں کے سمگلنگ کوروکنے کے لئے دفع 144نافذ کردیا گیا ہے اور مال مویشی ضلع سے باہر لیجانے پر پابندی عائد ہوگی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں بھکاریوں کاخاتمہ کیا جائیگا۔