کوئٹہ ، ینگ ڈاکٹرز کا شعبہ حادثات سمیت ایمرجنسی سروسزکا بائیکاٹ تیسرے روزبھی جاری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کا شعبہ حادثات سمیت ایمرجنسی سروسز کا بائیکاٹ تیسرے روزبھی جاری رہاجبکہ دوسری جانب صوبائی حکومت نے ہڑتالی ڈاکٹروں اور طبی عملے کے خلاف قانونی کاروائی کا فیصلہ کرلیا۔ینگ ڈاکٹرز کے بائیکاٹ کے باعث سنڈیمن صوبائی ہیڈکوارٹرہسپتال سمیت کوئٹہ کے ہسپتالوں کے شعبہ حادثات میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود نہیں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کے باعث شعبہ حادثات آنے والے مریضوں کوشدیدمشکلات اورپریشانی کاسامناکرناپڑرہاہے، ینگ ڈاکٹرز نے گذشتہ دو روز کے دوران ساتھی ڈاکٹروں کی گرفتاری کیخلاف ایمرجنسی سروسز کابائیکاٹ کررکھاہے،ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی اوپی ڈیز اور ان ڈورسروسز کابائیکاٹ پہلے ہی سے جاری ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ صحت نے ہڑتالی ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیاہے،اس حوالے سے یہ فیصلہ بھی کیاگیا ہے کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی جبکہ گذشتہ رات گئے ایک سرکاری اعلامیہ میں دعوی کیاگیاہے کہ ٹراما سینٹر اور تمام ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور ایمرجنسی سروسز بحال کر دی گئی ہیں۔اور پیر سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو اوپی ڈیز اور دیگر تمام سروسز میسر ہوگی۔صوبائی حکومت کی جانب سے تمام سینئر ڈاکٹروں، فارمسٹس،نرسز اور پیرامیڈیکس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی جاے تعیناتی پر حاضر ہوں بصورت دیگر انکے خلاف تادیبی کاروائی عمل لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے