عمران خان نے6 ہزارخالی کرسیوں کوچھپانے کیلئے میڈیا چینلز کوجلسہ کوریج سے منع کیا، مولانا عبد الرحمن
کوئٹہ/اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا شیخ احمد جان مولانا محمد ہاشم خیشکی ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ مسعود احمد حافظ شبیر احمد مدنی مفتی عبد الغفور مدنی حافظ سراج الدین سالار مولانا سید سعداللہ آغا مفتی رحمت اللہ حاجی قاسم خان خلجی مولانامفتی نیک محمد فاروقی مولانا جمال الدین حقانی مولانا محمد طاہر توحیدی ملک نصیر احمد ایڈووکیٹ ملک عبداللہ خان ناصر حاجی عبداللہ سلیمان خیل اور دیگر نے کہا ہے کہ عمران خان نے چھ ہزار خالی کرسیوں کو چھپانے کیلئے میڈیا چینلز کو جلسہ کوریج سے منع کیا گیا، اناڑی پرامن طریقے سے اقتدار کے نشے سے باہر آکر قوم کا سامنا کرے، کسی بھی بحران کی ذمہ داری حواس باختہ حکمران پر عائد ہوگی، مزید کس گوہ میں چھپنے کی کوشش کی جائے گی، قافلوں کا سمندر انہیں اسلام آباد سے بہاکر لے جانے آیا ہے، امریکہ کی خواہش پر ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرکے اور سی پیک کشمیر کا سودا کرنے والا قومی مجرم کے طور پر اقتدار سے الگ ہوگا، ملک کے بچاؤ کی خاطر تمام اپوزیشن جماعتوں کی بالغ نظری اور باہمی اتحاد قابل تحسین ہے، ملک کا بچہ بچہ مقروض بنانے والا راہ فرار کی تلاش میں کسی بھی حماقت پر مبنی عمل کا سوچ رہا ہے، کیوں کہ انہیں ملک کی بجائے اپنی انا اور ہٹ دھرمی کی تسکین کرنی ہوتی ہے، انہوں نے کہا غریب عوام نے انقلاب کا فیصلہ کرلیا ہے، تاکہ آئندہ کوئی بھی اناڑی جھوٹ اور پر فریب نعروں کے ذریعے قوم کو گمراہ نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کے روح رواں قائد جمہور مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی تحریک منزل کی قریب پہنچ چکی ہے، قوم کو خوشخبری دے کر اور” گالی سرکار ” کو سمندر برد کرکے واپس لوٹیں گے۔اب تحریک عدم اعتماد میں واضح شکست دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کررہا ہے،اب سرکاری وسائل کے ذریعے ملازمین اور کرائیے کے چند ہزار افراد کو جمع کرکے ثابت کیا چارسال بعد بھی کھسیانی بلی وہی کھمبا نوچ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بداخلاقی اور گالی کی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ جمعیت علماء اسلام ملک کے تمام مظلوم اور محکوم قوموں کی ترجمان جماعت ہے جو روشن مستقبل کے ذریعے عوامی مسائل مہنگائی اور بدامنی کا خاتمہ کرکے عوام کے ساتھ وعدہ پورا کرکے قوم کو عذاب سے نجات دلائے گی۔