وزیر خارجہ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے متحرک
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے بھرپور طریقے سے متحرک ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام بھی پہنچا دیا ہے۔
ہم نیوز نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزرا اسد عمر اور پرویز خٹک کے ہمراہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں انہوں ںے وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام بھی پہنچایا۔ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وفاقی وزرا سے ملاقات کرنے والے رہنماؤں میں وفاقی وزرا سید امین الحق، بیرسٹر فروغ نسیم، جاوید حنیف اور صادق افتخار شامل تھے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کے بعد کہا کہ خیر سگالی کا پیغام لے کر ایم کیو ایم کے پاس گئے تھے۔انہوں نے پیغام کے متعلق بتایا کہ وہ یہ تھا آپ ہمارے دوست ہیں، ساتھ چلتے رہیں گے، ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری ملاقات مثبت و مفید رہی اور انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔وزیر خارجہ نے واضح طور پر کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے، پیپلزپارٹی اس حوالے سے غلط بیانی کر رہی ہے۔