او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس منعقد کر کے پاکستان نے موثر سفارت کاری کا حق ادا کر دیا،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی میزبانی کرنا بہت بڑا اعزاز ہے اور امت مسلمہ کے لئے نہایت خوش آئند اقدام ہے جس کے اثرات تمام مسلم ممالک پر پڑیں گے۔چند ماہ قبل افغانستان سے متعلق کامیاب او آئی سی اجلاس منعقد کر کے پاکستان نے موثر سفارت کاری کا حق ادا کیا جسے دنیا بھر میں سراہا گیا اور اب ایک مرتبہ پھراو آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا انعقاد نہایت احسن اقدام ہے جسے اسلامی ممالک کی بھرپور شرکت نے کامیابی سے ہمکنار کیا۔پاکستان نے ہمیشہ مسلم ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے مثبت کوششیں کی ہیں اور پاکستان کی ان کوششوں کو مسلم ممالک میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و خوشحالی اور ترقی کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس کے لئے ہر ممکن اقدامات کی بھرپور حمایت کی ہے اور کرتا رہے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر، فلسطین، افغانستان سے متعلق قراردادوں کے ذریعے ااو آئی سی اجلاس میں بھرپور آواز اٹھائی اوراجلاس میں شامل تمام ممالک نے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی جس میں دنیا کے سامنے ان مسائل کو اجاگر کیا اور کہا کہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان دنیا کے بڑے مسائل ہیں اور ان مسائل کو حل کرانے کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منظور کردہ قراردادوں پرفوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے 48 ویں وزراء خارجہ اجلاس میں اسلاموفوبیا پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اجلاس میں اسلاموفوبیا جیسے منفی پروپیگنڈہ کی شدید مذمت کی گئی اور مغربی دنیا پر واضح کیا گیا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے اور دین اسلام میں دہشت گردی اور شدت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں جبکہ دہشت گردی یا شدت پسندی کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں مختلف ممالک کی جانب سے پیش کردہ قراردادوں کی منظوری اجلاس کی کامیابی ہے لیکن اصل کامیابی جب ملے گی جب ان قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔ مسلم اُمہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ دنیا کے سامنے مسلم ممالک کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کریں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اس بارے میں عملدرآمد کرایا جائے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی اجلاس میں فیصلوں اور قراردادوں پر موثر کارروائی ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دنیا کو جگانے کے لئے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس بلایااور اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو بھرپورتاریخی و سفارتی کامیابی نصیب ہوئی جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ کامیاب او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس منعقد کر کے پاکستان نے موثر سفارت کاری کا حق ادا کر دیا جس کے مثبت نتائج جلد برآمد ہوں گے۔