سلیکٹڈ وزیراعظم ایوان میں اکثریت کھوچکے ہیں، سردارسربلند جوگیزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ٖپاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی ایوان میں اکثریت کھوچکے ہیں وزیراعظم فوری طورپر استعفیٰ دے کر ملک میں جاری بے یقینی کی صورتحال کا خاتمہ کریں، پی ٹی آئی کی قیادت نے ساڑھے تین سال کے دوران جھوٹے وعدوں اور بے بنیاد دعوؤں کے سواعوام کو کچھ نہیں دیا۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو پارٹی کے صوبائی دفتر میں ملاقات کرنے والے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی کو انکی اپنی ہی جماعت کے ارکان قومی اسمبلی اور اتحادی جماعتیں چھوڑ چکی ہیں جس کے بعد وہ ایوان میں اکثریت کھو چکے ہیں پی ٹی آئی حکومت مشترکہ اپوزیشن کی طرف سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کی بجائے راہ فرار اختیار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران عوام کو مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا مہنگائی کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سالوں میں اس ملک اور قوم کو جو نقصان پہنچایا ہے اس کے ازالے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ملکراپنا کردارادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے گزشتہ روز مالاکنڈ میں ہونے والے جلسے میں عوام نے بھر پور شرکت کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر فعال اور منظم بنانے کیلئے پارٹی کی تنظیم نو کی جارہی ہے پارٹی کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں انشاء اللہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔