حکومت اورگرینڈ الائنس کے درمیان مذاکرات کا میاب
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ٖ صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ ہم نے سرکاری ملازمین کے تمام مطالبات تسلیم کر لئے ہیں صوبائی حکومت نے اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جلد ہی مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے یہ بات انہوں نے آل بلوچستان ایمپلائز گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ حکومت اور بیوگا کے نمائندوں کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے ۔ وزیر اعلی نے تمام مطالبات تسلیم کر لئے اس حوالے سے کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ایک دو دن میں ضروری کارروائی مکمل کر لیگی انہوں نے ملازمین سے درخواست کی کہ وہ آئندہ احتجاج کے دوران روڈ بلاک نہ کریں اس سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے گھیرائو کرنا ہو تو وزرا کے دفاتر کا کیا جائے لیکن کسی بھی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند نہ کیا جائے۔ اس موقع پر بیوگا کے جنرل سیکرٹری داد محمد بلوچ نے کہا کہ ملازمین نے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کر کے حکومت کو مطالبات تسلیم کرنے پرمجبور کیا ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ہم پر شیلنگ کی گئی لیکن ہم نے ان کے حقوق کی بات کہی انہوں نے کہا کہ ملازمین آئندہ بھی اسی اتفاق کا مظاہرہ کریں گے۔